ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں حجاب پر پابندی ختم کرنے کا اعلان؛ وزیر اعلی نے کہا، آپ جو چاہیں پہنیں، جو چاہیں کھائیں

کرناٹک میں حجاب پر پابندی ختم کرنے کا اعلان؛ وزیر اعلی نے کہا، آپ جو چاہیں پہنیں، جو چاہیں کھائیں

Sat, 23 Dec 2023 08:31:42    S.O. News Service

بنگلورو۔ 22 دسمبر ( ایس او نیوز ) حکومت کرنا ٹک نے اعلان کیا ہے کہ وہ عنقریب حجاب پہننے پر لگی پابندی کو برخاست کر دیں گے۔ وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے کہا کہ ریاست میں حجاب پر کوئی موثر پابندی نافذ نہیں ہے۔ اور خواتین جو چاہیں پہن سکتی ہیں۔ چیف منسٹر نے میسور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب حجاب پر امتناع نہیں رہا۔ خواتین حجاب پہن سکتی ہیں اور کہیں بھی جاسکتی ہیں۔ میں نے حجاب پر امتناع کا حکم واپس لینے کی ہدایت دی ہے۔ آپ کیا پہنتے ہیں اور کیا کھاتے ہیں یہ آپ کی اپنی پسند ہے، حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ سدارامیا نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے عوام اپنا پسندیدہ لباس پہننے اور پسندیدہ کھانا کھانے کے لئے آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا آپ جو چاہیں پہنیں جو چاہیں کھائیں۔ میں جو چاہوں گا وہ کھاؤں گا۔ میں دھوتی پہنتا ہوں ، آپ پینٹ شرٹ پہنتے ہیں ۔ اس میں کچھ غلط نہیں ہے۔

 یاد رہے کہ اس سے قبل کرناٹک کی جے پی حکومت نے وزیر اعلیٰ بومائی کی زیر قیادت ریاست کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر امتناع عائد کر دیا تھا جس کے نتیجہ میں ایک بڑا تنازعہ پیدا ہو گیا تھا، اس امتناع کے خلاف کئی طلبہ عدالت سے رجوع ہوئے تھے جس کے بعد کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کے امتناع کو برقرار رکھا تھا اورکہا تھا کہ اسلام میں حجاب پہنا لازمی نہیں ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ تعلیمی اداروں میں یکساں لباس پہننے کے قاعدہ پر عمل کیا جانا چاہئے۔ پھر یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تھا جس نے منقسم فیصلہ دیا تھا۔ ایک جج نے کہا تھا کہ ریاست کو اسکولوں میں یونیفارم نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ دوسرے جج نے حجاب کو اپنی پسند کا معاملہ قرار دیا تھا۔

لیکن کرناٹک میں جیسے ہی کانگریس حکومت کو اقتدار حاصل ہوا تو کرناٹک کے وزیر پرینکا گھر گے نے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بی جے پی حکومت کا کوئی بھی قانون جسے رجعت پسندانہ تصور کیا جاتا ہے، ریاستی حکومت اسے منسوخ کر دے گی۔


Share: